اسلام آباد(این این آئی)حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 70 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے ۔ نئی قیمتوں کا اطلاق یکم دسمبر سے ہو گا ۔مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتیں برقرار رہیں گی، اوگرا کی طرف سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز منظورنہیں کی گئی۔
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سات ماہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا تھا اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کی سمری بھجوائی تھی تاہم وزارت خزانہ نے وزیراعظم کی منظوری سے پیٹرول کی قیمت میں دو روپے اور ڈیزل کی قیمت میں دو روپے 70 پیسے اضافہ کی منظوری دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اوگرا کی طرف سے پیٹرول کی قیمت 4.01 روپے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 5.41 روپے فی لیٹر بڑھانے کی تجویز دی گئی تھی ۔
انہوں نے کہا کہ لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی اضافے کی سمری آئی تھی لیکن حکومت ان دونوں مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھا رہی ۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی غرض سے صرف دسمبر کے مہینے میں چار ارب روپے کا خسارہ برداشت کرے گی ۔ نئی قیمتوں کا اطلاق یکم دسمبر سے ہو گا۔