لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ بیرون ملک جائیداد کیلئے سعودی شاہ عبداللہ نے خود میرے اکاؤنٹ میں پیسے ٹرانسفر کئے جو میں نے بھائی ہونے کے ناطے قبول کئے۔ میرے اور سعودی شاہی خاندان میں ذاتی تعلقات تھے، وہ مجھے بھائی سمجھتے تھے، نواز شریف کی رہائی کیلئے سعودی شاہ عبداللہ نے خود مجھ سے بات کی تھی۔ میرے دور میں اسحاق ڈار سے کوئی زبردستی نہیں کی گئی، انہوں نے خود منی لانڈرنگ کا اعتراف کیا۔ نجی ٹی وی کو دئیے گئے انٹرویو میں پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی رہائی کے حوالے سے رفیق حریری رابطے میں تھے اور کوئی نہیں تھا، سب جانتے ہیں قطر میں حمد بن جاسم سے سیف الرحمان کے کاروباری رابطے ہیں، نواز شریف کی رہائی کیلئے سعودی شاہ عبداللہ نے خود مجھ سے بات کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ میں کیسز سے بالکل نہیں بھاگ رہا، یہ بات بالکل درست ہے کہ میری صحت ٹھیک نہیں ہے، مجھے ابھی بھی صحت کی پیچیدگیوں کا سامنا ہے، عدالتوں کا سامنا پہلے بھی کیا اور آئندہ بھی کرتا رہوں گا، حالات کچھ بہتر ہو جائیں تو ضرور پاکستان آؤں گا۔