فیصل آباد(آئی این پی)فیصل آباد میں میونسپل کارپوریشن کی مخصوص نشستوں کے الیکشن میں غیر متوقع طور پر شیرعلی گروپ کی رانا ثناء اللہ گروپ پر واضح برتری خواتین کی پندرہ میں سے نو اور پانچ اقلیتی نشستوں میں سے چار پر شیرعلی گروپ کامیاب ضلع کونسل میں قاسم فاروق فاروق گروپ آگے
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں میونسپل کارپوریشن کی پچیس اور ضلع کونسل کی چوبیس مخصوص نشستوں پر منگل کے روز پولنگ ہوئی دونوں بلدیاتی اداروں کے بالترتیب 157 اور 189 چیئرمینوں نے اپنا حق رائے استعمال کیا۔ غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق میونسپل کارپوریشن میں خواتین کی پندرہ میں سے نو نشستوں پر رانا شیرعلی کے میئر گروپ کی امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔ رانا ثناء اللہ گروپ کی صرف تین امیدوار کامیابی حاصل کر سکیں
پی ٹی آئی کی امینہ غوری جبکہ دو آزاد امیدوار حاجن بشیراں اور فریدہ بھی منتخب ہو گئیں یوتھ کی اکلوتی سیٹ ثناء اللہ گروپ کا امیدوار حافظ عثمان لے اڑا ٹیکنوکریٹ اور لیبر کی دو دو نشستوں پر دونوں دھڑوں کا ایک ایک امیدوار منتخب ہوا جبکہ پانچ اقلیتی نشستوں میں سے شیرعلی گروپ کے چار امیدوار منتخب ہوئے دوسری طرف ضلع کونسل کی مخصوص نشستوں پر قاسم فاروق گروپ نے زاہد نذیر گروپ پر برتری حاصل کر لی ہے۔ خواتین کی پندرہ میں سے دو نشستوں پر پی ٹی آئی کی امیدوار کامیاب ہو گئیں نون لیگ کا عثمان نذیر باجوہ یوتھ سیٹ پر پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہو چکا ہے جبکہ نون لیگ ہی کے شبیر احمد نے ٹیکنوکریٹ کی سیٹ پر کامیابی حاصل کی ہے