نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی حکومت نے 500 اور 1000 روپے کے کرنسی نوٹ ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے کہاہے کہ 500 اور 1000 روپے کے کرنسی نوٹ ختم کرنے کا فیصلہ کرپشن کے خاتمے کیلئے کیا گیا، جس کا اطلاق کل سے ہوگا۔بھارتی حکومت نے کرپشن کیخلاف اقدامات تیز کردیئے، مودی سرکار نے 500 اور 1000 روپے کے کرنسی نوٹ ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
بھارتی میڈیارپورٹس کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندرامودی نے اپنے ٹی وی پر اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن اور کالے دھن پر قابو پانے کیلئے 500 اور 1000 روپے کے کرنسی نوٹ ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کا اطلاق 9 نومبر (بدھ) سے ہوگا۔بھارت میں 500 اور 1000 روپے کے کرنسی نوٹ کل سے قابل قبول نہیں ہوں گے۔بھارتی وزیراعظم نے کہاکہ 500 اور 2000 روپے کے نئے کرنسی نوٹ ریزور بینک آف انڈیا کی جانب سے کچھ عرصہ بعد جاری کئے جائیں گے۔ عوام پرانے نوٹ 31 دسمبر 2016ء تک بینکوں میں استعمال کرسکتے ہیں۔نریندرمودی نے مزید کہاکہ ہسپتال اور ٹرانسپورٹرز ادائیگیوں کیلئے اگلے 72 گھنٹے تک 500 اور 1000 روپے کے کرنسی نوٹ قبول کرسکتے ہیں، گیس اور آئل سیکٹر، دودھ بیچنے والے، شمشان گھاٹ اور قبرستان بھی پرانے نوٹ لینے کے پابند ہوں گے۔