اسلام آباد (آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے سینئر کے خلاف بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جاوید میانداد ایک عرصے سے ان کی ذات پر حملے کر رہے ہیں جس کا جواب انہیں دینا پڑا ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شاہد آفریدی نے کہاکہ سینئر کے خلاف بیان دینے پر افسوس ہے لیکن جاوید میانداد ایک عرصہ سے ان کی ذات پر حملے کر رہے ہیں ان کی باتیں کافی عرصہ برداشت کیں لیکن برداشت کی بھی حد ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ جاوید میانداد نے میرے بارے میں سخت بات کی جو کہا اس پر افسوس ہے لیکن میرا ردعمل بھی فطری تھا ان کے مسلسل تلخ رویئے پر مجھے جواب دینا پڑا ۔ واضح رہے اتوارکے روز عظیم بلے باز جاوید میانداد کے متعلق اپنے متنازعہ بیان کے سبب خبروں کا مرکز رہنے کے بعد شاہد آفریدی نےسورج غروب ہوتے ہی اپنے سابقہ بیان سے رجوع کرتے ہوئے جاوید میانداد سے معذرت کر لی ہے۔ شاہد آفریدی نے آج ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ جاوید میانداد کو عمر بھر پیسوں کا مسئلہ رہا ہے۔لیکن اب اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ جاوید میانداد کے بارے میں جو کچھ کہا، اس پر شرمندہ ہوں۔ شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ جاوید میانداد لیجنڈ ہیں لیکن ان کی جانب سے ذاتی حملے پر ردعمل ضروری تھا، انہوں نے کافی عرصہ ٹی وی پر میرے خلاف سخت الفاظ استعمال کر کرے مجھے ذاتی حملہ کرنے پر مجبور کر دیا تھا۔کرکٹ کے شائقین نے بھی شاہد آفریدی کے فیصلے کوسراہاہے ۔