سرگودھا /لاہور ( این این آئی )سرگودھا پولیس نے کامیاب کارروائی کر کے کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے دو خطر ناک دہشتگردوں عثمان معاویہ اور قاری اعجاز کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا ۔جبکہ محرم الحرام میں امن و امان کو قائم رکھنے کیلئے لاہور سمیت صوبہ بھر میں سرچ آپریشنزتیز کر دئیے گئے ۔سرگودھا میں ایک پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے آر پی او سرگودھا ذوالفقار حمید نے بتایا کہ محرم الحرام میں عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیراکی ہدایات کے تحت پنجاب بھر میں روزانہ کی بنیا د پر سرچ آپریشنز جاری ہیں اور ایس پی انوسٹی گیشن بلال افتخارکی سربراہی میں پولیس ٹیم نے سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے دو ہشت گرد وں عثمان معاویہ اور قاری اعجاز کو گرفتار کر لیاہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس ٹیم کو اطلاع ملی کہ چک نمبر 53شمالی نزد تین پلہ علاقہ تھانہ جھال چکیاں سے دو مشکوک افراد تھیلے اٹھائے ہوئے جھاڑیوں کی طرف جار ہے ہیں جس پر پولیس ٹیم نے فوری ریڈ کر کے جھاڑیوں میں چھپے ہوئے دونوں ملزموں کو گرفتار کرکے دونوں تھیلے بھی اپنے قبضے میں لے لیے جن سے 5 ہینڈ گرنیڈ،37 بارودی گولے،2کلو خودکش جیکٹوں میں استعمال ہونے والا بارودی مواد،7کلاشنکوفیں اور695گولیاں برآمد ہوئیں۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے بتایا کہ انہوں نے یہ اسلحہ و بارود محرم الحرام کے دوران سرگودھا اور اس کے ملحقہ اضلاع میں دہشت گردی کے لیے استعمال کرنا تھا ، ہم نے کچھ دیر گزارنے کے لیے اس ویران جگہ کا انتخاب کیا اور کچھ دیر بعد اپنے اپنے ٹارگٹس پر روانہ ہونا تھا۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے افغانستان سے دہشت گردی کی تربیت حاصل کی ہے ۔ القاعدہ ، لشکر جھنگوی اور تحریک طالبان کے رکن ہیں ، وانا میں دہشت گردی کی تربیت دیتے ہیں اور بارود سے خود کش جیکٹ تیار کرنے کے بھی ماہر ہیں۔اس موقع پرڈی پی او سرگودھا محمد سہیل چوہدری نے صحافیوں کو بتایا کہ سرگودھا پولیس پچھلے دو ہفتوں سے انٹیلی جنس بیسڈ سرچ آپریشن کر رہی ہے جس کے نتیجے میں متعدد مشکوک اور جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لیکر تفتیش کی گئی جن سے متعدد ملزموں کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں اور یہ کاروائی بھی سرچ آپریشن کا نتیجہ ہے جس کی وجہ سے پنجاب بڑی تباہی سے بچ گیا ، یادرہے اس اسلحہ اور بارود نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں پہنچ کر تباہی مچانا تھی لیکن پولیس کی بروقت کاروائی سے بہت سی معصوم جانیں محفوظ ہوگئیں اس کاروائی کے حوالہ سے عوام سے میری گزارش ہے کہ اپنے اردگرد دھیان رکھیں اور کسی بھی غیر معمولی صورت حال سے پولیس کو ضرور آگاہ کریں تاکہ بر وقت کاروائی سے کسی ناگہانی واقعہ سے بچا جاسکے۔علاوہ ازیں محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کے تناظر میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں سرچ آپریشنز کا سلسلہ تیز کر دیاگیا ہے ۔پولیس اور حساس اداروں نے آپریشنز کے دوران اپنی شناخت ظاہر نہ کرا سکنے والے کئی افراد کو حراست میں لے لیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق حساس امام بارگاہوں اور مجالس کے مقامات کے اطراف میں تواتر کے ساتھ سرچ آپریشنز کئے جارہے ہیں۔