اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ میں بابر اعظم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 95 گیندوں پر کیریئر اور سیریز کی تیسری سنچری سکور کرکے دنیائے کرکٹ میں ایک نئی تاریخ رقم کردی اوردواعزازاپنے نام کرلیے ۔قومی ون ڈے ٹیم کے کھلاڑی بابر اعظم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سنچریوں کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی ہے جبکہ وہ تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔بابر اعظم سے پہلے پاکستان کی جانب سے ایک ہی سیریز میں سعید انور اور ظہیر عباس بھی تین سنچریاں بنا چکے ہیں لیکن بابر اعظم واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے تین میچوں کی سیریز میں تین سنچریاں بنائیں۔ علاوہ ازیں بابر اعظم تین ون ڈے میچز کی سیریز میں سب سے زیادہ سکور بنانے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں اس سے قبل جنوبی افریقہ کے کوینٹم ڈی کوک نے انڈیا کے خلاف تین میچز کی سیریز میں 342 رنز بنائے تھے جبکہ بابر اعظم نے ان کا یہ ریکارڈ 360 رنز بنا کر توڑ دیا ہے۔