اسلام آباد(ایکسکلوژو رپورٹ) بھارتی ٹی وی ’’اے بی پی ‘‘ کے پروگرام میں پاک، بھارت بارڈر پر تعینات بھارتی فوجی ڈیزی نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جانب سے بارڈر پر نقل و حمل کے بعد ہمارے افسران نے ہماری ڈیوٹی بڑھا دی ہے۔ ہمیں کہا گیا ہے کہ پاکستان بھارت پر کسی بھی وقت حملہ کر سکتا ہے۔ بھارتی فوجی ’ڈیزی‘ نے اے بی پی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں افسران نے بتایا ہے کہ آپ چوکنے رہیں کیونکہ پاکستان کسی بھی وقت بھارت کو بڑا نقصان پہنچا سکتا ہے۔ بھارتی فوجی ’ڈیزی‘ نے اپنے ہی افسران کی بہادری کا پول کھولتے ہوئے کہا کہ ہم پہلے اوپر ٹاور پر ڈیوٹی دیتے تھے ، پھر ہمیں نیچے ڈیوٹی دینے کا کہا گیا ہے۔ ہمارے افسران کہہ رہے ہیں کہ آپ پاکستانی فوجیوں سے چھپر کر ڈیوٹی کریں کیونکہ وہ کسی بھی وقت حملہ کرکے آپ کو مار سکتے ہیں۔ بھارتی سیکورٹی فورسز اہلکار ڈیزی نے مضحکہ خیز بیان دیتے ہوئے کہا کہ بارڈر پر پاکستانی فوجیوں کی حرکتیں ہمارے ملک بھارت کو بڑا نقصان پہنچا دینے والی ہوتی ہیں۔ ’ڈیزی ‘ نے اے بی پی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اکیلے ڈیوٹی کرنے کی اجازت نہیں ۔ ہم ہمیشہ دو ہوتے ہیں اور دوسری جانب پاکستان فوجی بارڈر پر کبھی ادھر اور کبھی ادھر گشت کرتے رہتے ہیں۔ واضح رہے کہ بھارتی فوج میں در اندازیوں کے ساتھ ساتھ پاکستانی فوج کا شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے بھارت کے حاضر سروس فوجی جہاں جنگ کے خوف سے چھٹی لیکر گھروں کو روانہ ہو رہے ہیں اسکے برعکس پاکستان کے ریٹائرڈ فوجی دشمن کی کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے اپنی افواج کے شانہ بشانہ لڑنے کیلئے ہر دم تیار ہیں۔رپورٹ کے مطابق ویسے تو پاک افواج سے وابستہ ہر افسر اور جوان بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے چٹان کا حوصلہ رکھتا ہے تاہم ریٹائرڈ فوجی بھی اس میں کسی طرح پیچھے نہیں۔ پاک افواج میں خدمات سر انجام دینے والے ریٹائرڈ فوجی افسران اور جوانوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہم نے اپنی طرف سے تیاری کر رکھی ہے اوراپنے ادارے کی طرف سے کسی بھی کال آنے کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں ،اگر دشمن جارحیت کا ارتکاب کرتا ہے اور ہمیں ہمارے ادارے کی طرف سے کال نہیں بھی آتی تب بھی ہم ہر محاذ پر لڑنے کے لئے تیار ہیں اور ہم گھر سے شہادت کا جذبہ لے کرنکلیں گے۔ ریٹائرڈ فوجی افسران اور جوانوں کا کہنا ہے کہ پاک افواج کی صلاحیتوں اور بہادری کا کوئی مقابلہ نہیں۔ اگر دشمن نے جارحیت کی کوشش کی تو اسے ناکوں چنے چبوا دیں گے۔