اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)تبلیغی مجلس شوریٰ نے تبلیغی جماعت میں کم از کم تین دن وقت لگانے والے افراد کو عالمی اجتماع میں شرکت کی اجازت دیدی ۔ذرائع کے مطابق حالیہ ماہانہ مشورہ میں طے ہوا ہے کہ امسال عالمی اجتماع میں کوئی ایسا شخص شرکت نہیں کریگا جس کا تبلیغ میں کوئی وقت نہ لگا ہوا۔تبلیغی اکابرین کے اس فیصلے کے بعد ایسے تمام افراد کی حوصلہ شکنی ہو گی جو رائے ونڈ اجتماع میں صرف سیر و تفریح کی غرض سے آتے تھے۔ذرائع کے مطابق سہ روز لگانے والے کارکنان کو ہی عالمی اجتماع میں شرکت کی اجازت دینے سے اعمال کا مجمع بڑھے گا اور اجتماع میں شرکت کا حقیقی مقصد پورا ہو گا ۔تبلیغی اکابرین نے عالمی اجتماع میں شرکت کرنیوالے تمام تبلیغی کارکنان کے لئے قومی شناختی کارڈ کی شرط بھی برقرار رکھی ہے ۔واضح رہے کہ 23ستمبر سے پنڈال کی تیاری کا کام شروع ہو چکا ہے ملک بھر سے ہزاروں افراد عالمی اجتماع کے انتظامات میں حصہ لینے کیلئے رائے ونڈ پہنچ گئے ہیں ۔عالمی اجتماع کا پہلامرحلہ03نومبر کو شروع ہوگا جبکہ دوسرا مرحلہ 10نومبر کو ہوگا۔