اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) اے این پی نے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے سینٹ میں جمع کرائے گئے بل پانامہ لیکس کی حمایت نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔ جبکہ پلان کا جائزہ لینے کے لئے غلام احمد بلو رکی سربراہی میں 5رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ رہنما اے این پی زاہد خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے سینٹ میں پیش کیا گیا بل صرف پانامہ لیکس سے متعلق ہے۔ اپوزیشن کے پانامہ لیکس سے متعلق بل پر تحفظات ہیں۔ صر ف پانامہ لیکس پر نہیں بلکہ دنیا بھر میں قائم آف شور کمپنیوں کی تحقیقات ہونی چاہیئں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعہ کے روز اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کو ختم کرنے کے لئے موثر قانون سازی کی ضرورت ہے ۔ اے این پی نے پارلیمنٹ اور خیبر پختونخواہ اسمبلی میں قانون سازی کے لئے غلام احمد بلور کی سربراہی میں 5رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے جو تمام بلوں کا جائزہ لے کر پارٹی حکمت عملی طے کرے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کمیٹی میں زاہد خان ، بشریٰ گوہر، لطیف آفریدی اور افراسیاب خٹک شامل ہیں۔