اسلام آباد(آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سیکر ٹری جنرل جہانگیر خان ترین نے واضح کیا ہے کہ ایسا کہنا کہ پی ٹی آئی میں یوتھ ونگ کو تحلیل کردیا گیا غلط ہے کیونکہ یوتھ ونگ تحلیل ہوہی نہیں سکتا بلکہ مشاورت کے ساتھ نمائندگی نچلی سطح تک لانے کے لئے اختیارات کو منتقل کیا جارہا ہے، یوتھ ونگ کے معاملات کو میڈیا اور خبروں میں اچھالنے کے پیچھے نون لیگ کا موٹو گینگ سرگرم عمل ہے، پاکستان تحریک انصاف ایک خاندان کی مانند اور متحد ہے کوئی اختلافات موجود نہیں اگر کوئی اختلاف موجود بھی ہوتو باہمی بات چیت سے اسے حل کیا جاتا ہے، ساری توجہ 30 ستمبر کے رائے ونڈ مارچ پر مرکوز ہے، میں اور شاہ محمود قریشی سمیت تمام پارٹی قیادت آئندہ ہفتے پاکستان کے کونے کونے میں جاکر عوام کو متحریک کریں گے، تحریک انصاف کے خلاف واویلا مسلم لیگ نون کے اشارے پر ہورہا ہے کیونکہ عمران خان کے بعد مسلم لیگ نون مجھے نشانہ بناتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد میں خیبرپختونخوا سے آئے تحریک انصاف کے یوتھ ونگ کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ جہانگیرترین نے خیبرپختوا کے یوتھ ونگ کے سابق عہدیداروں سے کے ہمراہ بات چیت کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ آج کی ملاقات کا مقصد یوتھ ونگ سے متعلق پھیلائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کرنا تھا کیونکہ جو باتیں میڈیا پر یوتھ ونگ کے تحلیل کی کی جارہی ہیں وہ یوتھ ونگ تحلیل نہیں کیا گیا بلکہ یوتھ ونگز سمیت تمام ونگز میں اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کیا جارہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پارٹی میں تمام فیصلے مشاورت سے کئے جاتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ 30 ستمبر کو رائے ونڈ مارچ کے مل بیٹھ کر ان مسائل کا تسلی بخش حل نکالا جائے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ یوتھ ونگ میں اختلافات کی میڈیا پر خبریں اچھالنے کے پیچھے نون لیگ کا موٹو گینگ کارفرما ہے، تحریک انصاف ایک طاقت بن کر کھڑی ہے پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں ہے، ہم ایک خاندان کی مانند ہیں اور باہمی معاملات بھی مشاورت سے حل کرتے ہیں۔ جہانگیرترین نے مزید کہا کہ آج سے 30 ستمبر تک ہم سب مل کر رائے ونڈ مارچ کی تیاری کریں گے، گزشتہ روز کے اجلاس میں رائے ونڈ مارچ کی تاریخ کا تعین کیا گیا ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ عوام کے پاس اپنا پیغام لیکر جائیں گے، چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کے نظریہ کا کمال ہے کہ لوگ خود بخود انکے ساتھ چل پڑتے ہیں،میں اور شاہ محمود قریشی سمیت تمام پارٹی قیادت پاکستان کے کونے کونے تک تحریک انصاف کا پیغام لیکر جائیں گے اور عوام کو متحریک کریں گے۔ 30 ستمبر کو پورے پاکستان میں زبردست ریلیاں نکالی جائیں گی اور ایک تاریخی شو ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں جہانگیر خان ترین نے کہا کہ لاہور جارہاہوں وہاں بھی تمام ونگز اور کارکنوں سے رابطہ میں ہوں، اپنے خلاف چھپنے والے پوسٹرز نہیں دیکھے، پارٹی کے خلاف باتیں صرف نون لیگ کے اشارے پر ہورہی ہیں، رائے ونڈ مارچ کے لئے دوسری سیاسی جماعتوں کو بھی دعوت دیں گے ہم چاہتے ہیں کہ وہ لوگ بھی جو نون لیگ سے تنگ ہیں باہر نکلیں اور ہمارا ساتھ دیں۔انھوں نے مزید کہا کہ نون لیگ چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کے بعد انھیں سب سے زیادہ نشانہ بناتی ہے، میں پارٹی اور عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑا ہوں، سیف اللہ خان نیاز نے میری وجہ سے استعفی دیا نہ ہی مجھ سے کوئی اختلاف ہے ایسی خبریں اچھالنے اور اندرونی اختلافات باہر لانے والے نون لیگ کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں۔اس لئے ابھی ساری توجہ تیس ستمبر کے رائیونڈ مارچ پر ہے، پورے پاکستان سے ریلیاں نکلیں گی،تمام ونگیز آئیں اور 30 ستمبر کو رائے ونڈ مارچ میں شرکت کریں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور پاکستان پر بے بنیاد بھارتی الزام تراشی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل تحریک انصاف جہانگیر ترین نے خبردار کیا کہ بھارت الزام لگانے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکے جس کی فوج نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہار توڑ رہی ہے۔اس موقع پر خیبرپختونخوا یوتھ ونگ کے سابق صدر سجاد فیاض یونس نے کہا کہ یوتھ ونگ کے کوئی تحفظات نہیں ہیں،ہماری توجہ صرف رائے ونڈ مارچ پر ہے،پارٹی کے ہر فیصلے کو تسلیم کرتے ہیں۔