اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے متحدہ عرب امارات میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں الوداعی میچ کھیل کر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے کنارہ کشی کا ارادہ ظاہر کردیا۔تفصیلات کے مطابق شاہد آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں ایک میچ کھیلنے کی اجازت طلب کی ہے جس کے بعد وہ بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی نے اس موضوع پر چیف سلیکٹر انضمام الحق سے بات کی اور عزت کے ساتھ اپنے کرکٹ کو الوداع کہنے کی اپنی خواہش کا اظہار کردیا ہے۔قومی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی جس کا آغاز 23 ستمبر کو ہوگا۔خیال رہے کہ شاہد آفریدی نے پاکستان کی جانب سے سب زیادہ 98 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے ہیں جس میں 18 کی اوسط سے ایک ہزار 405 رنز بنا ئے ہیں۔آفریدی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر بھی ہیں جہاں انھوں نے 97 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ عمرگل 60 اور سعید اجمل 64 میچوں میں 85، 85 وکٹیں حاصل کر کے دوسرے نمبر پر ہیں۔یاد رہے کہ شاہد آفریدی نے ورلڈ کپ 2015 میں شکست کے فوری بعد ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔واضح رہے متحدہ عرب امارات میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد پاکستان ٹیم اگلے ایک سال تک کوئی ٹی ٹوئنٹی میچ نہیں کھیلے گی۔