لندن /تہران(این این آئی)ایران میں قومی سلامتی خطرے میں ڈالنے کے الزام میں ایرانی نژاد برطانوی خاتون کو پانچ سال کیلئے جیل بھجوادیا گیا ہے۔’’گارڈین‘‘ کے مطابق ایرانی نژاد برطانوی خاتون نازنین ز غاری ریٹ کلف کو اپریل میں اس وقت تہران ایئرپورٹ سے حراست میں لیا گیا تھا جب وہ ایران میں اپنے والدین سے ملنے کے لیے گئی تھی۔ایرانی حکام نے خاتون پر ایرانی سلامتی خطرے میں ڈالنے اور ایک غیر ملکی دشمن نیٹ ورک کی قیادت کا الزام لگایا تھا جسے اب پانچ سال کیلئے جیل بھجوادیا گیا ہے نازنین زغاری کے شوہر کے مطابق نازنین زغاری ریٹ کلف تھام سن روئٹرز فاؤنڈیشن میں کام کرتی ہیں اور جب وہ چھٹیوں پر ایران گئیں تو انھیں تہران ہوائی اڈے پر حراست میں لے لیا گیا تھا جبکہ ان کی دو سالہ بیٹی گیبریئلہ کا پاسپورٹ قبضے میں لیکر اسے خاتون کے والدین کے حوالے کردیا گیا۔ادھر برطانوی وزارت خارجہ نے نازنین کے خلاف عدالتی فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ سفارتی سطح پر معاملہ اٹھایا جارہا ہے۔