ساہیوال (این این آئی)الائیڈ سکول ساہیوال سے نویں جماعت کے طالب علم دانیال کو اغواء کر لیا گیا اغواء کار بیہوش کر کے فیصل آباد لے گئے جہاں سے صوبہ خیبر پختونخواہ لیجانے والے تھے کہ بچہ دانیال بھاگ نکلا فیصل آباد پولیس نے برآمد کر لیا ۔تفصیلات کے مطابق محلہ عید گاہ پل بازار کے وحید شاکر کا بیٹا دانیال سکول پڑھنے گیا تو راستہ سے نامعلوم ملزموں نے اسے نشہ آور رومال سونگھا کر بیہوش کر کے اغواء کر لیا اور اسے لیجا کر فیصل آباد میں ایک فیکٹری کے گودام میں بند رکھا جمعہ کی رات کو جب طالب علم کو دیگر بچوں کے ہمراہ صوبہ خیبر پختونخواہ لیجانے کے لیے نکالا تو طالب علم ہوش میںآجانے کے سبب ریل بازار فیصل آباد میں بھاگ نکلا جسے شہریوں نے پکڑ لیا اور پولیس کے سپرد کر دیا تو طالب علم کو پولیس نے اس کے والدین کوساہیوال سے بلا کر ان کے سپرد کر دیا ۔دریں اثناء پولیس فرید ٹاؤن نے منڈھالی سے 8اگست کو اغواء ہونے والے دینی مدرسہ کے تیرہ سالہ طالب علم شاہ زیب ظہور کے اغواء کا مقدمہ درج کر لیا ہے پولیس ابھی تک بچے کو بازیاب نہیں کر سکی اور نہ ہی ملزموں کا سراغ چل سکا ہے۔ جبکہ گورنمنٹ اے پی ایس میموریل ہائی سکول ساہیوال سے اغواء ہونے والے چار طالب علموں کا مقدمہ درج کرنے کے بعد پولیس کی ایک ٹیم بنا دی گئی ہے جو کہ اغواء کاروں کا سراغ لگا کر طالب علموں کو برآمد کریگی اور ملزموں کو گرفتار کریگی ۔