کابل(مانیٹرنگ ڈیسک) افغان طالبان عسکریت پسندوں نے شمال مشرقی صوبے قندوز کے ضلع خان آباد پر قبضہ کر لیا،افغان حکام نے تصدیق کردی۔افغان میڈیا کے مطابق حکام نے تصدیق کر دی ہے کہ طالبان عسکریت پسندوں نے شمال مشرقی صوبے قندوز کے ضلع خان آباد پر قبضہ کر لیا ہے۔ صوبائی پولیس کے سربراہ کے ترجمان محمد بہاج کا کہنا ہے کہ طالبان نے خان آباد پر کئی اطراف سے چڑھائی کر کے اس پر قبضہ کر لیا۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی جنگجوں کی اس پیش قدمی کی تصدیق کر دی ہے۔ مجاہد کے مطابق حکومتی فوج کے بھاری ہتھیاروں اور فوجی گاڑیوں پر بھی قبضہ کر لیا گیا۔ قندوز کی صوبائی کونسل کے سربراہ محمد یوسف ایوبی نے بتایا کہ طالبان کی اس پیش قدمی کے نتیجے میں خان آباد سے سینکڑوں مقامی شہریوں کی دوسرے علاقوں کو رخصتی کے ساتھ ساتھ حکومتی فوجیوں اور عسکریت پسندوں کے درمیان لڑائی ابھی جاری ہے۔