انقرہ (این این آئی)ترک وزیر خارجہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر یورپی یونین اپنے وعدے کے مطابق رواں برس اکتوبر تک ترک شہریوں کو شینگن زون میں بغیر ویزے کے سفر کی سہولت نہیں دیتی تو انقرہ حکومت مہاجرین سے متعلق ڈیل سے پیچھے ہٹ سکتی ہے۔ یورپی یونین کو اکتوبر تک ترک شہریوں کو شینگن زون میں بغیر ویزے کے سفر کی اجازت دے دینا چاہیے،برطانوی خبررساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے ترک وزیرخارجہ مولود چاوش اولو نے کہاکہ یورپی یونین کو اکتوبر تک ترک شہریوں کو شینگن زون میں بغیر ویزے کے سفر کی اجازت دے دینا چاہیے۔ ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ بصورت دیگر ترک حکومت یورپی یونین کے ساتھ طے پانے والی مہاجرین سے متعلق ڈیل سے پیچھے ہٹ جائے گی۔یورپی یونین کیساتھ ڈیل کے مستقبل کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ترک وزیر خارجہ نے کہاکہ میں ممکنہ طور پر انتہائی برے منظر نامے پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتا، یورپی یونین کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے تاہم ایک بات واضح ہے کہ ہمیں اس معاہدے کی سبھی شقوں پر عمل کرنا ہو گا یا اس ڈیل کو ہی ختم کر دینا ہو گا۔یورپی کمیشن کے ایک ترجمان نے ترک وزیر خارجہ کے اس تازہ انٹرویو پر تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے بتایا کہ یورپی یونین انقرہ حکومت کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔دوسری طرف یورپی کمیشنر گوئنتھر اوئیٹینگر نے کہا کہ ترکی حکومت کی طرف سے ناکام بغاوت کے بعد شروع کیے گئے متنازعہ کریک ڈاؤن کے تناظر میں رواں سال ترک شہریوں کو شنگین زون میں ویزا فری داخلے کا امکان کم ہی ہے۔