لاہور ( این این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ ہار اور جیت کھیل کا حصہ ہے ، امید ہے کہ ٹیم اوول ٹیسٹ جیت کر سیریز برابر کرے گی، مصباح الحق نے انگلینڈ میں اچھی کپتانی کا مظاہر ہ کیا ،محمد حفیظ کا مستقبل سلیکٹرز کے ہاتھ میں ہے ،ون ڈے رینکنگ کو بہتر کرنا بہت ضروری ہے، ون ڈے ٹیم کو مضبوط کرنے کے لیے آل راؤنڈرز کو شامل کیا ہے، امید ہے ٹیم ون ڈے میں بہتر کھیل پیش کرے گی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ٹیم کی کارکردگی اچھی رہی۔ لارڈز ٹیسٹ اچھی کارکردگی کی وجہ سے جیتے تاہم ٹیم کے ہارنے سے کمزوریوں کا پتا چلا۔ برمنگھم ٹیسٹ میں ہمارے بیٹسمین فیل ہوئے۔ بیٹسمینوں نے پرفارم نہیں کیا۔ افسوس ہے کہ ہم میچ ڈرا بھی نہ کر سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ لارڈز جیسی کارکردگی رہی تو اوول میں کامیاب ہوں گے۔ امید ہے کہ ٹیم اوول ٹیسٹ جیت کر سیریز برابر کرے گی۔ ایک سوال کا جواب دیتے شہریار خان کا کہنا تھا کہ افواہیں میڈیا ہی پھیلاتا ہے۔ میرے مستعفی ہونے کی خبریں میڈیا نے پھیلائیں۔ میں تین سال کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین منتخب ہوا ہوں۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ون ڈے رینکنگ کو بہتر کرنا بہت ضروری ہے۔ ون ڈے ٹیم کو مضبوط کرنے کے لیے آل راؤنڈرز کو شامل کیا ہے۔ امید ہے ٹیم ون ڈے میں بہتر کھیل پیش کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ہار اور جیت کھیل کا حصہ ہوتاہے ۔امید ہے کہ ٹیم ون ڈے میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی ،محمد حفیظ کا مستقبل اب سلیکٹرز کے ہاتھ میں ہے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں