پاکستان کرکٹ بورڈ پی سی بی کے سابق چیف سلیکٹر اور مایہ ناز اسپنر عبدالقادر نے انکشاف کیا ہے کہ نجم سیٹھی نے تبصروں کے دوران کئی بلنڈر کیے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق اسپنر کا کہنا تھا کہ نجم سیٹھی کو کرکٹ کا کچھ پتا نہیں، وہ ٹی وی پر آکر ایسی باتیں کرتے ہیں جن کا مجھے بہت افسوس ہوتا ہے۔ ان کے بقول نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان نے ٹی 20 دو تین سال پہلے جیتا،ہماری ٹیم نے آسٹریلیا کو سیریز میں شکست دی، لیکن دونوں باتیں جھوٹی ہیں۔ عبدالقادر کا کہنا تھا کہ اتنے بڑے جھوٹ اور بلنڈر ٹی وی پر آ کر کرنا ،اس سے اجتناب کرنا چاہئے،نجم سیٹھی بتائیں کہ ٹیم نے کونسا بڑا معرکہ مارا ہے۔ عبدالقادر نے چیئرمین ایگزیکٹو باڈی نجم سیٹھی کو بدترین کارکردگی پر پردہ ڈالنے کی بجائے جھوٹ کا دامن چھوڑنے کا مشورہ دیا۔ سابق چیف سلیکٹر نے شکوہ کیا کہ جسٹس قیوم رپورٹ کے داغی کھلاڑی اس وقت ٹیم مینجمنٹ کا حصہ ہیں،، اس سے بڑا المیہ اور کیا ہو سکتا ہے۔ عبدالقادر نے انکشاف کیا کہ بورڈ اور ٹیم منیجمنٹ ایک دوسرے کو نیچا دکھانے میں مصروف ہیں جس کا خمیازہ گرین شرٹس کو بھگتنا پڑ رہا ہے، پاکستان بہت زبردست ٹیم ہے لیکن لڑکوں سے وہ کام نہیں لیا جارہا،کرکٹ بورڈ میں کام کرنے والے زیادہ لوگوں کی نیت ٹھیک نہیں۔