اسلام آباد(آئی این پی) وفاقی حکومت نے کرنسی سمگلنگ کیس کی ملزمہ ماڈل ایان علی کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے لئے کیس کا جلد از جلد فیصلہ کرانے پر غور کر رہی ہے اور اس کے لئے قانونی مشاورت کی جا رہی ہے ، ذرائع کے مطابق وزارت خزا نہ اور ایف بی آر حکام ماڈل ایان علی کو کرنسی سمگلنگ کیس میں عدالت سے سزا دلوانے پر مشاورت کر رہے ہیں تاکہ ملزمہ سزا کی صورت میں بیرون ملک نہ جا سکے ،وزارت خزانہ نے ایف بی آر کو ماڈل کو جلد از جلد سزا دلوانے کا ٹاسک دیا ہے اور اس کے لئے بہترین قانون دانوں کی خدمات حاصل کرنے کا کہا ہے تاکہ ماڈل کو زیادہ سے زیادہ سزا دلوائی جا سکے ،واضح رہے کہ ماڈل ایان علی کا کیس کسٹم علی عدالت میں چل رہا ہے اور عدالت نے کیس میں گواہو ں کو طلب کر رکھا ہے جبکہ ماڈل نے فرد جرم عائد ہوتے وقت صحت جرم سے انکار کر دیا تھا اور لاہور ہائیکورٹ میں اپنے وکیل کے ذریعے بریت کی درخواست بھی دائر کر رکھی ہے۔قانونی ماہرین کے مطابق کرنسی سمگلنگ کی زیادہ سے زیادہ چودہ سال جبکہ کم سے کم پانچ سال تک سزا ہو تی ہے۔