ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک )بالی وڈ کی اداکارہ دپیکا پادوکون کا کہنا ہے کہ اس برس یعنی 2016 میں ان کی کوئی بھی فلم نہیں آنے والی ہے۔لیکن ان کا کہنا تھا کہ 2017 کا آغاز دھماکے دار انداز میں ہونے کی توقع ہے۔ایک فیشن برانڈ کے پروموشن میں پہنچنے والی دپیکا نے کہاکہ میری پہلی ہالی وڈ فلم ’ XXX: دی ریٹرن آف زینڈر کیج‘جنوری 2017 میں ریلیز ہوگی۔اس دوران جب دپیکا پادو کون سے اداکارہ پرینکا چوپڑا سے کیے جانے والے موازنے کے بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے کہا: ’ہم دونوں کا سفر الگ الگ ہے۔ ایسے میں دونوں کا موازنہ کرنا اچھی بات نہیں ہے۔دپیکا اور اداکار رنویر سنگھ کے افیئر کی خبریں اکثر سرخیوں میں رہتی ہیں۔ حال ہی میں ایک خبر آئی تھی کہ رنویر نے اپنی آنے والی فلم ’بے فکرے‘ میں بوس و کنار مناظر کے لیے دپیکا سے اجازت لی تھی۔جب اس بارے میں دپیکاسے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا: ’مجھے اور رنویر کو لے کر کچھ بھی من گھڑت خبریں آتی رہتی ہیں اور وہ تمام جھوٹی خبریں ہوتی ہیں لیکن مجھے ان سب کو پڑھ کر بڑا مزہ آتا ہے۔اس موقع پر دیپیکا نے یش راج بینر کے تحت بننے والی فلم ’بے فکرے‘ کے فرسٹ لک کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آج کل کافی کچھ فرسٹ لک پر ہی منحصر ہوتا ہے۔فلم ’اڑتا پنجاب‘کے تنازع سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ وہ ابھی چند روز پہلے ہی باہر کے دورے سے انڈیا واپس آئی ہیں لیکن یہ ضرور کہیں گی کہ فلم سازوں کو تخلیقی آزادی حاصل ہونی چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ بھی ضروری ہے کہ فلم بناتے وقت کچھ باتوں کا خیال بھی رکھا جائے کیونکہ فلموں کا معاشرے پر گہرا اثر ہوتا ہے۔