پیرس (مانیٹرنگ ڈیسک)یورپی ممالک کی فٹ بال کی نگران تنظیم یوئیفا نے خبردار کیا ہے کہ اگر شائقین کی جانب سے مزید تشدد ہوا تو انگلینڈ اور روس کی ٹیموں کو یورو 2016ء سے نااہل قرار دیا جا سکتا ہے۔تفصیلات کے مطابق یوئیفا نے ایک بیان میں انتہائی سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم اس قسم کی جھڑپوں کی صورت میں روس یا انگلینڈ پر پابندیاں لگانے میں ذرا بھی نہیں ہچکچائے گی۔بیان میں کہا گیا کہ پابندیوں کے علاوہ جو اقدامات کیے جا سکتے ہیں ان میں دونوں ٹیموں میں سے کسی ایک کو ٹورنامنٹ سے نااہل قرار دینا بھی شامل ہے ٗبرطانوی حکومت نے انگلینڈ کے میچ کیلئے اضافی برطانوی پولیس بھیجنے کی پیشکش کی۔یوئیفا نے انگلینڈ اور روس کے مابین کھیلے جانے والے میچ میں شائقین کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے بعد روس کی فٹ بال ایسوسی ایشن کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ۔