کراچی(این این آئی) سوشل میڈیا پر مقبول غزلوں اور فلموں کے گانے گا کر اپنی ویڈیوز سے مقبول ہونے والی برطانوی گلوکارہ تانیہ ویلز اگست میں پاکستان کا دورہ کریں گی۔اسکائپ کے ذریعے کراچی پریس کلب میں ایشیائی کارکردگی آرٹ اور برطانوی ایشیائی ثقافت کی تنظیموں کی جانب سے رکھی گئی کانفرنس میں موجود میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے تانیہ کا کہنا تھا کہ وہ معروف غزل گائیک نصرت فتح علی خان کے گانے سنتی ہوئی بڑی ہوئی ہیں اور انہوں نے اردو زبان بھی سیکھی۔ تانیہ کا کہنا تھا کہ یہ کانسرٹ پاکستان کی خوبصورت ثقافت کے لیے منعقد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا وہ اگست میں اپنے شوز کے دوران غزل گائیں گی جہاں کلاسیکی آلات طبلہ اور ہارمونیم کا استعمال کیا جائے گا۔مشرقی موسیقی سے متاثر ہونے کے ایک سوال پر تانیہ کا کہنا تھا کہ وہ ہندوستان کے ہماچل پردیش میں پیدا ہوئیں۔ وہاں وہ تصرت فتح علی کو سنتی تھیں۔ انہوں نے ہندوستان میں کئی ماہ تک کلاسیکی موسیقی کا سبق لیا، جس کے بعد وہ برطانیہ روانہ ہوگئیں۔ تانیہ کے مطابق انہیں پاکستانی گانوں کے بارے میں بہت کچھ معلوم تھا اور انہوں نے برطانیہ میں کلاسیکل اور صوفی موسیقی کا سبق لیا۔اپنے پسندیدہ پاکستانی گلوکار کے حوالے سے تانیہ کا کہنا تھا وہ یقیناً نصرت فتح علی خان ہیں کیوں کہ وہ قوالی کے بادشاہ ہیں، اس کے علاوہ پاکستان میں کئی بہترین گلوکار موجود ہیں جس میں مہدی حسن، عابدہ پروین اور فریدہ خانم شامل ہیں۔اردو زبان بولنے کے سوال کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ تھوڑی تھوڑی اردو بولنا جانتی ہیں، اس ایونٹ کے دوران تانیہ نے مہدی حسن کی مقبول غزل گلوں میں رنگ بھرے’ بھی گا کر سنائی۔