نئی دہلی(آئی این پی)بولی ووڈ سپر سٹار سلمان خان اورسنجو بابا کی دوستی سے کون واقف نہیں۔تاہم بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آجکل دونوں دوستوں کی اٹوٹ دوستی میں دراڑ پڑ چکی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ جب سے سنجے دت جیل سے رہائی کے بعد واپس آئے ہیں انکے سلمان خان کے درمیان سرد جنگ کا آغاز ہوچکا ہے اور دونوں اکثر مقامات پر ایک دوسرے کو نظر انداز کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ذرائع کے مطابق دونوں دوستوں کی درمیان تنازعہ کی اصل وجہ ایک خاتون بنی ہوئی ہیں۔ممبئی ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق دونوں اداکاروں میں اس دوری کی وجہ سلمان خان کی منیجر ریشماں شیٹی ہیں۔ سلمان خان نے 2014ء میں سنجے دت کو کہا تھا کہ وہ ریشماں کو اپنا منیجر بنا لے کیونکہ سلمان سمجھتے تھے کہ جلد ہی سنجے دت جیل سے رہا ہو جائیں گے جبکہ اس دوران انہیں ایک منیجر کی ضرورت بھی پڑے گی جو سنجے دت کے معاملا ت سنبھالے اور ان کے وقار کی مزید بہتری کیلئے کام کرے۔جس کے بعد سنجے دت ریشماں کو آن بورڈ لے آئے لیکن جب کئی ماہ تک سنجے دت کو ایک بھی پراجیکٹ نہ ملا توسنجو بابا کو پتہ چلا کہ ریشماں او راس کی ٹیم نے سنجے دت کی فیس میں اس قدر اضافہ کردیا ہے کہ پروڈیوسرز نے ان کی جگہ دوسرے آپشنز پر غور کرنا شروع کردیاہے۔سنجے دت اس بات پر شدید ناراض ہوئے اور اس منیجر سے علیحدگی اختیا ر کر لی جو دونوں اداکاروں کے درمیان دوری کی وجہ بنی۔