اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی وزیر اعظم نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے ساتھ امن کے لئے پہلا قدم اٹھانے کے لئے تیار ہے، لیکن بڑھتے ہوئے دہشتگردی کے واقعات اس میں رکاوٹ ہیں، امریکی اخبار وال سٹریٹ کے مطابق نریندر مودی نے کہا کہ ایک پرامن اور خوشحال پڑوس کے لئے میری حکومت نے شروع دن سے ہی فعال ایجنڈا ترتیب دیا ہوا ہے۔مودی کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ ”بھارت اور پاکستان“ کو ساتھ چلتے ہوئے مل کر غربت کے خلاف لڑنے کی بات کی ہے‘ تاہم دہشت گردی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا ہے۔ امن کا راستہ ایک دو طرفہ عمل ہے۔رپورٹ کے مطابق نریندر مودی چین کے بارے میں تبصرے پر محتاط رہے‘ انہوں نے کہا کہ ہم بحر ہند کے ساحلی ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات کے خواہاں ہیں۔پاکستان ہماری طرف ایک قدم بڑھائے تو ہم دو قدم بڑھائیں گے ، شرط یہ ہے کہ دہشت گردی ختم ہونی چاہئے ۔ چاہے وہ ریاستی ہو یا غیر ریاستی۔