واشنگٹن (این این آئی) امریکا نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان ممبئی حملوں کی تحقیقات میں بھارت سے تعاون کرے ۔واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان مارک ٹونر نے کہا کہ ممبئی حملے بڑا سانحہ تھا، انصاف چاہتے ہیں۔ امریکا پاکستانی حکومت پر زور دیتا رہا ہے کہ ممبئی حملوں کی تحقیقات کے لیے بھارتی حکام کے ساتھ تعاون کرے۔انہوں نے کہاکہ طالبان کے معاملے پر پاکستان کے ساتھ بات چیت جاری رہتی ہے۔ پاکستانی حکومت کو اپنی سرزمین پر موجود طالبان سمیت تمام گروپس کے خلاف کارروائی کرنے کی ضرورت ہے جو پاکستان کے اپنے لیے خطرہ ہیں۔ایک سوال پرترجمان نے کہا کہ ملا منصور کے خلاف کارروائی اس کے افغانستان میں امریکی اور افغان فورسز کے خلاف کارروائیوں کے ارادے کی بنیاد پر کی گئی۔ ملا منصور کوئی مثبت کردار ادا نہیں کر رہے تھے جو افغانستان کو مذاکرات یا امن کی طرف لے جاتا۔