اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانی کرکٹرز کی تعلیمی قابلیت کا معاملہ زوروں پر ہے، اس معاملے پر سوشل میڈیا میں بھی بحث و مباحثے جاری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ماضی بھی انگریزی زبان سے عدم واقفیت کی وجہ سے قومی کرکٹرز کو مسائل کا سامنا رہا ہے۔ آج بھی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کئی کھلاڑی انگریزی میں بات کرنے سے کتراتے نظر آتے ہیں۔ انگریزی زبان سے عدم واقفیت کی وجہ سے جاوید میانداد کو بھی دلچسپ صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔1976-77 ءمیں دورہ ویسٹ انڈیز کے موقع پر جاوید میانداد ساتھی کرکٹر ہارون الرشیداور سرفراز نواز کے ہمراہ ہوٹل میں ڈنر کرنے گئے۔ ڈنر کیلئے جب انہیں مینیو کارڈ دکھایا گیا تو انہوں نے ایک ڈش کے طور پر ”ماؤنٹین چکن“ کا آرڈر بھی دے دیا۔ جاوید میانداد ماؤنٹین چکن کو عام چکن سمجھے۔ جب جاوید میانداد اور ہارون الرشید کھانا ختم کر چکے تو سرفراز نواز نے ان سے پوچھا کہ آپ کو پتہ ہے کہ آپ نے ڈنر میں کیا کھایا؟ میانداد اور ہارون الرشید سمجھے کہ سرفراز نواز مذاق کر رہے ہیں اورانہوں نے ویٹر کو بلا کر پوچھا کہ ماؤنٹین چکن کیا ہے۔ ویٹر نے جواب دیا کہ ماؤنٹین چکن ایک مخصوص کیریبئن مینڈک ہے۔ یہ سننا تھا کہ میانداد اور ہارون الرشید کو شدید متلی ہونے لگی اور انہوں نے قے کر دی۔