لاہور ( این این آئی) قومی کرکٹ ٹیم کے آف اسپنر سعید اجمل نے کہا ہے کہ بالا آخر پاکستان کرکٹ بورڈنے بھی بائیو مکینیکل لیپ بنا ہی لی ہے، بہت سے کھلاڑیوں کے کیریئر تباہ ہونے سے بچ جائینگے۔ آف اسپنر سعید اجمل جو جادوگر اسپنر کے نام سے جانے جاتے ہیں نے کہاکہ یہ بہت خوشی کی بات ہے کہ پاکستان بھی ان آٹھ ممالک میں شامل ہوگیا ہے جس کے پاس بائیو مکینیکل لیب موجود ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کو بہت پہلے یہ اقدام اٹھانا چاہیے تھا تاکہ بہت سے کھلاڑیوں کے کیریئر تباہ ہونے سے بچ جاتے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال پاکستان کرکٹ بورڈنے مشکوک ایکشن کی بنا پر 45کھلاڑیوں پرپابندی لگائی تھی وسائل نہ ہونے کے باعث یہ کھلاڑی بیرون ملک جا کر اپنے ایکشن چیک کرانے سے قاصر تھے ۔انہوں نے کہا کہ اب ان کھلاڑیوں کو امید کی ایک نئی کرن نظر آنے لگ گئی ہے کہ وہ اس بائیو مکینیکل لیب سے فائدہ اٹھا کر اپنے ایکشن درست کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بائیو مکینیکل لیب کی تنصیب سے کھلاڑیوں کو اعتماد ملے گا اور پاکستان کی کرکٹ ترقی کی راہ پر چلے گی۔