کابل /ماسکو(آئی این پی)پاکستان میں ملامنصور کی امریکی ڈرون حملے میں ہلاکت،روس کے موقف نے دنیا میں ہلچل مچادی، روس نے طالبان کے امیر ملا منصور پر ڈرون حملے کو پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سراج الدین حقانی جنھیں ملا منصور کا ممکنہ جانشین خیال کیا جارہا ہے طالبان کی قیادت میں سب سے زیادہ سخت گیر رہنما سمجھے جاتے ہیں جو مستقبل میں سب کیلئے زیادہ بڑاخطرہ ثابت ہوسکتے ہیں۔ پیر کو غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان میں روس کے خصوصی ایلچی ضمیر کابولوف نے کہا ہے کہ افغان طالبان کے امیر ملا منصوراختر کو ہلاک کرنے کیلئے مبینہ طور پرپاکستان کے اندر کیاگیا امریکی ڈرون حملہ اسلام آباد کی خودمختاری اور علاقائی سلامتی کی خلاف ورزی ہے ۔کابولوف نے اس بات پر تشویش کااظہار کیا کہ سراج الدین حقانی جنھیں ملا منصور کا ممکنہ جانشین تصور کیا جارہا ہے وہ طالبان کی قیادت میں سب سے زیادہ سخت گیر رہنما سمجھے جاتے ہیں جو مستقبل میں سب کیلئے زیادہ بڑا خطرہ ثابت ہوسکتے ہیں۔واضح رہے کہ 2015میں روس نے افغانستان میں سرگرم داعش کے خلاف مشترکہ کاروائیوں کیلئے طالبان کے ساتھ مواصلاتی رابطوں کا آغاز کیا تھا۔