تہران (اے پی پی) ایران کی بری فوج کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل احمد رضا پوردستان نے کہا ہے کہ ایرانی مسلح افواج دشمن کے کسی بھی اقدام کا پوری شدت کے ساتھ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق صوبہ اصفہان میں میزائل مشقوں کے آغازکے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بری فوج کے سربراہ نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج کی اعلی صلاحیتوں نے امریکا کو ایران پر حملے کا خیال دل سے نکال دینے پر مجبور کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکا، اب خطے میں ایک مخصوص ایجنڈے کو آگے بڑھا رہا ہے اور افسوس ناک بات یہ ہے کہ علاقے کے بعض ممالک ان گروہوں کی مالی مدد کر رہے ہیں۔ ایران کی بری فوج کے سربراہ نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل بدستور ہمارے دشمن ہیں جبکہ داعش اور اس جیسے دیگر گروہوں کی ہماری نظر میں کوئی حیثیت نہیں ہے۔