اسلام آباد (اے پی پی) یوئیفا یورو فٹ بال کپ 10 جون سے فرانس میں شروع ہو گا جس میں 24 ٹیمیں حصہ لیں گی، سپین کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق 15 ویں یوئیفا یورو کپ 2016 کا آغاز 10 جون سے فرانس میں ہوگا، ہسپانوی ٹیم مسلسل تیسری بار ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ 10 جولائی تک جاری رہنے والے ٹورنامٹ میں 24 ٹیمیں حصہ لیں گی جنہیں چھ گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں فرانس، رومانیہ، البانیہ اور سوئٹزرلینڈ، گروپ بی میں انگلینڈ، روس، ویلز اور سلواکیہ، گروپ سی میں جرمنی یوکرین، پولینڈ اور نادرن آئرلینڈ، گروپ ڈی میں سپین، جمہوریہ چیک، ترکی اور کروشیا، گروپ ای میں بیلجیئم، اٹلی، جمہوریہ آئرلینڈ اور سویڈن اور گروپ ایف میں پرتگال، آئس لینڈ، آسٹریا اور ہنگری شامل ہے۔ ٹورنامنٹ کافائنل 10 جولائی کو کھیلا جائے گا۔