لاہور (ا ین این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ مال پنجاب کو عدالت میں زرعی ٹیکس کے خلاف درخواستیں دینے والوں سے زرعی ٹیکس کی وصول سے تاحکم ثانی روک دیا ، عدالت نے پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 20جولائی تک ملتوی کر دی ۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے ایک ہی نوعیت کی مختلف درخواستوں کی سماعت کی ۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ایک آرڈیننس کے ذریعے زرعی آمدن پر ٹیکس کا نفاذ کیا گیا ہے ، حالانہ آئین میں زرعی آمدن پر ٹیکس کا کوئی ذکر نہیں ۔ زمینداروں پر پہلے ہی ٹیکسوں کی بھرمار ہے ،مزید ٹیکسوں کی وصولی غیر قانونی ہے ۔ فاضل عدالت نے درخواست گزاروں کا موقف سننے کے بعد محکمہ مال پنجاب کو درخواست گزاروں کی حد تک زرعی آمدن پر ٹیکس کی وصولی روکتے ہوئے پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کر دیااور کیس کی مزید سماعت 20جولائی تک ملتوی کر دی ۔