اسلام آباد (این این آئی)ایف آئی اے نے اسلام آباد کے بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بیرون ملک جانے والے چار مسافروں کو گرفتار کرلیا ہے۔ مسافرو ں کو مشکوک دستاویزات اور غیرقانونی قیام کے شبہ میں زیر حراست لیا گیا۔اطلاعات کے مطابق اسلام آباد کے بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن حکام نے کاروائی کے دوران مشکوک دستاویزات اور غیرقانونی قیام پر چار مسافروں کو پرواز سے اتار لیا ہے۔ ایف آئی کے مطابق چاروں مسافروں کو بیرون ملک جانے والی پروازوں سے آف لوڈ کیا گیا ہے۔ ارسلان نامی مسافر کو دبئی میں قیام کا مناسب بندوبست نہ ہونے پر اسلام آباد سے دبئی جانے والی پرواز سے اتارا گیا۔ جبکہ احسان نامی مسافر کو مشکوک دستاویزات پر جنوبی افریقہ جانے والی پرواز سے آف لوڈ کیا گیا۔ ایف آئی اے کے غلام دستگیر اور عبدالستار کو اٹلی جانے والی پرواز سے آف لوڈ کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے نے چاروں مسافروں کو حراست میں لینے کے بعد مزید تفتیش کے لئے انسداد انسانی سمگلنگ سیل منتقل کر دیا ۔