لاہو ر(این این آئی )صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ عمران خان اتنے یوٹرن لے چکے ہیں کہ وہ اصل راستہ ہی بھول گئے ہیں ،دائیں بائیں موجود اور خود عمران خان اپنی سیاست کا ستیا ناس کر رہے ہیں ، جس الزام پر وزیر اعظم سے استعفیٰ مانگ رہے ہیں اس کے سب سے پرانے مجرم تو وہ ہیں اس لیے اب سب سے پہلے وزیر اعظم کا نہیں بلکہ عمران خان کا احتساب ہونا چاہیے ۔اپنے ایک بیان میں رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ عمران خان پانامہ لیکس کے معاملے پر صرف اور صرف قوم کو بیوقوف بنا رہے ہیں ،جس الزام پر وہ تحریک چلا رہے ہیں اور شہر شہر جلسے کر رہے ہیں ا س کے توسب سے پرانے ملزم وہ خود ہیں اورانہوں نے خود تسلیم کر لیا ہے کہ میں نے آف شور کمپنی بھی بنائی اور میں ٹیکس بھی نہیں دیتا تھا تو اس کا مطلب تو یہ ہوا کہ وہ خود ٹیکس چور ہیں ،جب وہ خود ٹیکس چور ہیں تو وہ کس منہ سے وزیراعظم کو ٹیکس چور کہتے ہیں ۔ عمران خان اور ان کے ساتھیوں کی بنائی ہوئی آف شور کمپنیاں حلا ل ہیں اور دوسرا کوئی بنائے تو وہ حرام ہیں۔ عمران خان کے قول و فعل میں واضح تضاد کیوجہ سے انہیں ووٹ دینے والے آج پچھتا رہے ہیں۔عمران خان کی تمام تر سیاست صرف اور صرف جھوٹ پر مبنی ہے ۔وہ اتنے یوٹرن لے چکے ہیں کہ وہ اصل راستہ ہی بھول گئے ہیں۔