لاہور(این این آئی ) پاکستان مسلم لیگ (ض) کے سربراہ اعجاز الحق نے کہا کہ ملک میں جمہوریت ہے اب فیصلے سڑکوں پر نہیں بلکہ پارلیمنٹ میں ہوں گے ، احتساب کمیشن کا معاملہ بہت جلد حل ہو جائے گا ،یہ بھی ہو سکتا ہے کہ وزیر اعظم اپوزیشن کو اسمبلی میں اپنے جوابات سے ہی مطمئن کر دیں اورکمیشن بنانے کی نوبت ہی نہ آئے ، وزیر اعظم کا احتساب کرنے والے پیپلز پارٹی کے جیالے پہلے اپنی قیادت کی کرپشن کا حساب دیں۔ ایک انٹر ویو میں اعجاز الحق نے کہا کہ یہ درست ہے کہ پانامہ لیکس ایک بہت بڑا مسئلہ بن چکا ہے اور اس سے ملک میں ہلچل پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کور ٹ نے حکومتی ٹی اوآرز کو مسترد کر دیا ہے لیکن اس پر کمیشن بنانے سے انکار نہیں کیا بلکہ حکومت کو ہدایات دی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو چاہیے کہ اسمبلی میں آکر اپوزیشن کو دعوت دیں کہ آئیں مل کر ٹی او آرز بنائیں ، وزیر اعظم نے احتساب کمیشن کے حوالے سے اب تک کئے جانیوالے اپوزیشن کے تما م مطالبات مانے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپو زیشن کا تو کام ہی یہی ہے کہ ہر وقت چور چور کا نعرہ لگائے ، اپو زیشن کو کمیشن کے نتائج آنے تک صبر کرنا چاہیے لیکن وہ پہلے ہی سزا اور جزا دینے کیلئے تیار ہو چکی ہے ۔ اپوزیشن جماعتوں کے پاس اتنی طاقت ہی نہیں کہ وہ عوام کو سڑکوں پر لا کر وزیر اعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر سکیں اور اسکی وجہ یہ ہے کہ عوام اپوزیشن کی باتوں پر اعتبار کرنے کو ہی تیار نہیں۔وزیر اعظم کو آج پیر کے دن کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی پریشانی ہے اور نہ ہی پارلیمنٹ میں کوئی ہنگامہ ہوگا۔ اپوزیشن جو اتنا شور مچا رہی ہے ، اگر وزیر اعظم اسمبلی آکر اعتماد کا ووٹ لے لیتے ہیں تو پھر اپو زیشن کیا کرے گی ۔