ممبئی(آئی این پی) بولی ووڈ انڈسٹری میں سپر سٹار سلمان خان کا نام ہی کسی فلم کی کامیابی کی ضمانت خیال کیا جاتا ہے۔50سالہ اداکار کی ناکام فلمیں بھی150کروڑ سے زائد کا بزنس کرتی ہیں۔ یہی وجہ ہے انڈسٹری کے بڑے نام بھی باکس آفس پر انکے مقابل آنے سے کترانے لگتے ہیں۔ حال ہی میں بولی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی جانب سے اپنی فلم ”رئیس “کو سلمان خان کی ”سلطان“کے ساتھ نمائش کیلئے نہ پیش کیے جانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خا ن کے بعد لیجنڈری اداکار رجنی کانت بھی سلمان خان کے مد مقابل آنے سے کترانے لگے۔رپورٹ کے مطابق رجنی کانت نے سلمان خان کی نئی آنے و الی فلم ”سلطان“کے ساتھ باکس آفس تصادم کے ڈر سے اپنی فلم کی نمائش ایک ہفتہ قبل رکھ دی ہے۔کہا جا رہا ہے کہ سلمان خان کی فلم ”سلطان“ اور لیجنڈری اداکار رجنی کانت کی فلم ”کابلی“ ایک ہی روز نمائش کے لیے پیش کی جانی تھی جس پردونوں فلموں کے باکس آفس پر مقابلے کی توقع کی جارہی تھی تاہم اب لیجنڈری اداکار رجنی کانت نے سلومیاں سے باکس آفس پر مقابلے سے گریز کرتے ہوئے فلم کی نمائش کی تاریخ یکم جولائی رکھنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔