لاہور( نیوزڈیسک)پشاور کا ضمنی انتخاب،یوسف رضاگیلانی نے گیم ہی الٹ دی،حیرت انگیز موقف سامنے آگیا،دیگرپارٹی رہنماؤں کے موقف کے برعکس یوسف رضاگیلانی کہتے ہیں کہ پشاور کے ضمنی انتخاب کے نتائج سے مطمئن ہیں اور ہم دھاندلی کا شور نہیں کرینگے ،سابق وزیر اعظم و پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت کو ٹی او آرز طے کرنے کیلئے اپوزیشن کے ساتھ بیٹھنا پڑے گا اور یہی آگے جانے کا راستہ ہے ،پشاور کے ضمنی انتخاب کے نتائج سے مطمئن ہیں اور ہم دھاندلی کا شور نہیں کرینگے ،ریاست جموں و کشمیر اور پاکستان کے عوام نے میرے بیٹے کی بازیابی پر جس طرح خوشی کا اظہار کیا ہے اس پر ان کا شکر گزار ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد کشمیر کے صدر سردار یعقوب اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ کی طرف سے اپنے بیٹے کی بازیابی پر مبارکباد دینے آنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہم نے شروع دن سے کہا تھاکہ حکومت کو اپوزیشن کے ساتھ بیٹھنا چاہیے اور ٹی او آرز طے کرنے چاہئیں اور اب چیف جسٹس آف پاکستان کا بھی بیان آ گیا ہے۔ میرے خیال میں حکومت کو اپوزیشن کے ساتھ بیٹھنا ہی پڑے گا اور یہی آگے جانے کا راستہ ہے ۔ حکومت کو بند گلی میں نہیں جانا چاہیے ۔ انہوں نے پشاور کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ دیگر جماعتوں کے مرکزی رہنماؤں نے وہاں جلسے بھی کئے لیکن ہماری قیادت کے جلسے کے بغیر بہترین نتائج آئے ہیں۔ ہم دھاندلی کا شور نہیں کریں گے بلکہ صوبائی قیادت اس مسئلے کو دیکھے گی ۔ سردار یعقوب نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے کی بازیابی پر مبارکباد دینے یہاں آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اذیت کے دور میں جس طرح یوسف رضا گیلانی نے صبر کا مظاہرہ کیا میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ سب لیڈروں کو اسی طرح کا صبر عطا کرے ۔ یوسف رضا گیلانی ہمیشہ کہتے تھے کہ ریاست جموں و کشمیر اور پاکستان کے بچے اور بچیاں میرے ہی بچے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مضبوط کرنا ہے تو اسے اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ سید مہدی شاہ نے کہا کہ (ن)لیگ نے گلگت بلتستان کی عوام کو آئینی حقوق کا جھانسہ دیا۔جب سے آزاد ہوئے ہیں ہمارے حقوق سلب کئے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے ریلیف پر ابھی تک صوبہ چل رہا ہے ۔گلگت بلتستان کی اہمیت چاروں صوبوں سے زیادہ ہے۔