بیجنگ (نیوز ڈیسک) چین 2020تک اپنی مسلح افواج کو جدید ترین بنانے کاعمل مکمل کر لے گا اور اس دوران فوجی اصلاحات کا ہدف بھی حاصل کر لیا جائے گا ، چین کے آئندہ پانچ سالہ منصوبے میں کہا گیا ہے کہ چینی افواج کی جنگی صلاحیتوں میں بنیادی اور نمایاں اضافہ ہو جائے گا ، اپنے جدید ہتھیاروں کمپیوٹر ٹیکنالوجی اور جدید معلومات کے حوالے سے دنیا کی بہترین افواج میں شمار ہوگی ، پنجسالہ منصوبے میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج کے مختلف شعبوں میں جنگی حکمت عملی کی تشکیل نو کی جائیگی ، جنگی ہتھیاروں ، ذرائع نقل و حمل ، انفارمیشن ٹیکنالوجی کی سہولتوں ، جنگی تربیت اور عالمی فوجی تعاون کو ترجیح دی جائے گی اور مسلح افواج میں اصلاحات کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ، فوج میں خدمات انجام دینے والے مرد اور خواتین کی سہولتوں کو بھی بہتر بنایا جائے گا ۔