اسلام آباد (این این آئی)پیمرا نے نیو ٹی وی کے پروگرام ’عجیب سا‘ میں قندیل بلوچ کی جانب سے انتہائی غیر اخلاقی زبان استعمال کرنے پر ٹی وی چینل کو ایک لاکھ روپے جرمانہ عائدکردیا ہے۔ پیمرا نے مذکورہ چینل کو26مئی 2016ءشام 4بجے تک جرمانہ جمع کروانے اور معافی نشر کرنے کا حکم دیا ہے۔ 26مئی 2016ءکو شام 4بجے تک جرمانہ ادا نہ کرنے اور معافی نشر نہ کرنے کی صورت میںچینل کا لائسنس معطل کر دیا جائےگا۔ میسرز فن انفوٹینمنٹ (ایس ایم سی-پرائیویٹ لمیٹڈ/ نیوٹی وی( پر یہ جرمانہ مذکورہ چینل کے پروگرام’عجیب سا‘جو کہ مورخہ10اپریل 2016ءکو نشر ہوا تھا میں پاکستانی قوم کےلئے توہین آمیز الفاظ استعمال کرنے پر ہوا۔ پروگرام کیخلاف پیمرا ٹیوٹر اکاوئنٹ (@reportpemra) اور شکایات سیل پر موصول ہونےوالی متعدد عوامی شکایات پر مورخہ 11اپریل 2016ءکواظہارِوجوہ کا نوٹس جاری کیا گیالیکن نیو ٹی وی چینل نے اس اظہارِوجوہ کا جواب نہیں دیا۔اس کے بعد اسے مزید سات دن دیئے گئے لیکن مذکورہ چینل نے پھربھی جواب نہیں دیا۔ لہٰذا اب پیمرا کے فیصلے پر عمل نہ ہونے کی صورت میں چینل کا لائسنس مقررہ تاریخ کو معطل کر دیا جائےگا ۔