کراچی (این این آئی) کراچی کے علاقے ایف بی ایریا میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق افراد کا تعلق اہلسنت والجماعت سے بتایا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق فیڈرل بی ایریا سمن آباد بلاک 17 میں مسجد میں نماز کے بعد نمازی جیسے ہی باہر آئے نامعلوم مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد 50 سالہ یامین ولد عبدالستار، 55 سالہ جان محمد ولد حنیف، 65 سالہ عبدالماجد ولدمحمد یوسف اور محمد مشتاق زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسے۔ اہلسنت والجماعت کے صدر علامہ اورنگزیب فاروقی نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ محمدی مسجد میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے امن کو خراب کرنے والے دہشت گردوں سے کسی بھی قسم کی نرمی نہ برتی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جاں بحق افراد اہلسنت والجماعت کے ہمدرد تھے۔ دریں اثناء سندھ کے وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔