ویانا(این این آئی)آسٹریا میں مجوزہ مہاجرین سے متعلق قوانین کی مخالفت میں سینکڑوں افراد نے اٹلی میں آسٹریا کی سرحد کے قریب احتجاج کیا، یہ مظاہرہ پر تشدد رنگ اختیار کر گیا اور متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق سینکڑوں نوجوان مظاہرین نے ویانا کے نئے مجوزہ قوانین کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے کچھ دیر تک شمالی یورپ کو جنوبی یورپ سے ملانے والے انتہائی اہم برینر پاس پر واقع ایک ٹرین اسٹیشن پر قبضہ کرنے کے بعد سرحد پار کر کے آسٹریا میں داخل ہونے کی کوشش بھی کی۔ اس موقع پر ان کا پولیس کے ساتھ تصادم ہو گیا۔ چند مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر پتھرا کیا اور دھوئیں کے بم برسائے۔ جوابی کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے آنسو گیس استعمال کی۔ اس واقعے میں تقریا پانچ سو مظاہرین شریک تھے اور تصادم کے نتیجے میں چار پولیس اہلکار زخمی ہوئے جبکہ بیس مظاہرین کو حراست میں لیا گیا ۔