ریاض(نیوز ڈیسک) سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے تازہ شاہی فرمان کے تحت کابینہ میں شامل 6 وزیروں کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا اور ان میں سے 3 کو نئے قلم دان سونپ دیے گئے۔۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق وزیر صحت انجینیر خالد الفالح، وزیر برائے سماجی بہبود ڈاکٹر ماجد القصبی اور وزیر مواصلات وسائل نقل وحمل انجینیر عبداللہ المقبل کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔اسی طرح شاہی فرمان کے تحت وزیر صنعت وتجارت ڈاکٹر توفیق الربیعہ ، وزیر حج ڈاکٹر بندر حجار اور وزارت پٹرولیم وقدرتی وسائل انجینیر علی النعیمی کو بھی ان کے عہدوں سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ڈاکٹر فوزان الربیعہ کو وزارت صنعت وتجارت سے ہٹا کر وزیرصحت مقررکیا گیا ہے۔ ڈاکٹر ماجد القصبی کو وزیر تجارت اور انجینیر خالد الفالح کو توانائی ،صنعت اور قدرتی وسائل کا وزیر مقرر کیا گیا ہے۔وزیر تیل علی النعیمی گزشتہ بیس برس سے اس عہدے پر اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے تھے۔ انکی جگہ اب سابق وزیر برائے صحت خالد الفلیح کو یہ عہدہ سونپا گیا ہے۔ الفلیح نے 30 سال ملک کی سرکاری تیل کمپنی ارامکو میں کام کیا ہے اور اِس وقت وہ بطور چیئرمین ذمہ داری ادا کر رہے ہیں۔ تیل برآمد کرنے والے دنیا کے سب سے بڑے ملک سعودی عرب نے گزشتہ ماہ معاشی اصلاحات کا اعلان کیا تھا جس کا مقصد ملک کا تیل پر سے انحصار کم کرنا ہے۔ تیل کی گرتی قیمتوں سے سعودی عرب کی معیشت کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔