لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے یکم مئی کو پنجاب اسمبلی کے سامنے ہونیوالے جلسے میں خواتین سے بدتمیزی کرنے والے افراد کی شناخت ہو گئی ۔تفصیلات کے مطابق تحر یک انصاف کے مال روڈ پر جلسے کے دوران خواتین سے چھیڑ چھاڑ اور بدتمیزی کرنے والے 5میں سے 4افراد کی شناخت ہو گئی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خواتین کیساتھ بدتمیزی کرنے والے چاروں افراد کا تعلق لاہور سے ہے تاہم انکے نام تاحال سامنے نہیں لائے گئے تاکہ وہ روپوش نہ ہوسکیں۔ذرائع نے واضح کیا ہے کہ چاروں افراد کے بارے میں یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ انکا تعلق پی ٹی آئی سے ہی تھا یا وہ کسی اور جماعت کے کارکن تھے ۔ دوسری جانب وزیر قانون پنجاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ نوجوان کوئی بھی ہوں انہیں قانون کا سامنا کر نا پڑے گا ۔