لاہور (این این آئی) چیف ٹریفک آفیسرلاہورطیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ غیر نمونہ ،بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے خلاف کارروائی اور ون ویلنگ کے خلاف ٹھوس اقدامات کرتے ہوئے اسکے خاتمے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس نے رواں ماہ کے پہلے6دنوں میں2116غیر نمونہ ،بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی اور ون ویلنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے09ویلرز کے خلاف مقدمات درج کرائے ہیں جبکہ خصوصی مہم کے دوران ابتک 165902غیر نمونہ ،بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی اور1612ویلرز کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے۔ سی ٹی او نے خصوصی کریک ڈاؤن کے دوران انسدادی کارروائی کا جائزہ لینے کیلئے مختلف علاقوں کا وزٹ کیا۔ انہوں نے ون ویلنگ کے خلاف انسدادی کارروائی کیلئے تشکیل دےئے گئے سپیشل اسکواڈ ز کوبریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ون ویلرز کے خلاف ویڈیو اور دیگر شواہد اکھٹے کرنے کیلئے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتیں بروئے کار لائیں ۔انہوں نے ڈی ایس پیز کو ہدایت کی کہ ون ویلرزغیر نمونہ اور بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں کے خلاف جاری مہم کو کامیاب کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کا رلائیں خصوصارش کے اوقات میں اہم شاہراہوں پر پٹرولنگ یقینی بنائیں۔سی ٹی او نے کہاکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے خاتمے کویقینی بنانے کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے ۔سی ٹی او نے والدین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ون ویلنگ سے روک کر انکی زندگی اور قوم کے مستقبل کو تاریک ہونے سے بچائیں۔