ممبئی(این این آئی) بالی ووڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن نے اداکارہ کنگنا رناوت سے اپنی فلم میں کاسٹ کرنے کی فرمائش کرڈالی۔بالی ووڈ کے بادشاہ امیتابھ بچن بھارتی فلم نگری میں ممتاز مقام رکھتے ہیں جس کے باعث فلم نگری کے اداکار اور اداکارائیں ان کے ساتھ فلم میں کام کرنے کو اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں تاہم بگ بی خود ایک نوجوان اداکارہ کنگنا رناوت کی فنکارانہ صلاحیتوں کے معترف نکلے ہیں۔امیتابھ بچن نے بہترین اداکاری پر چوتھی بار نیشنل فلم ایوارڈ اور اداکارہ کنگنا رناوت نے تیسری بار بہترین اداکارہ کے لیے نیشنل فلم ایوارڈ اپنے نام کیا ہے جن کی فنکارانہ صلاحیتوں نے امیتابھ بچن کو بھی بے حد متاثر کردیا ہے جس پر انہوں نے اداکارہ سے اپنے ساتھ فلم میں کاسٹ کرانے کی فرمائش کردی ہے۔اپنی نئی آنے والی فلم کے ٹریلر کی تشہیری تقریب میں امیتابھ بچن کا کہنا تھا کہ کنگنا رناوت بہترین اور ذہین اداکارہ ہیں ان سے جب بھی ملتا ہوں تو ہاتھ جوڑ کر ان سے اگلی فلم کے لیے اپنا نام پیش کرنے کی درخواست کرتا ہوں۔واضح رہے کہ امیتابھ بچن اپنی نئی آنے والی فلم ”ٹی ای تھری این“ میں مرکزی کردار ادا کریں گے جس میں ان کے مدمقابل ودیا بالن اور نواز الدین صدیقی مرکزی کردار ادا کریں گے۔