بھارت میں زیرتعمیررہائشی عمارت منہدم ہونے سے ایک ہی خاندان کے 13 افراد دب کر جاں بحق ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ سے 300 کلو میٹر دور مغل سرائے میں زیر تعمیرعمارت میں ایک خاندان کے افراد سوئے ہوئے تھے کہ ان پرعمارت کی پہلی منزل گرگئی جس کے نتیجے میں وہاں سوئے ہوئے 12 افراد ملبے دب کر جاں بحق ہوگئے، ریسکیو اہلکاروں نے جائے وقوعہ پہنچ کرامدادی کارروائیاں شروع کرکے لاشوں اور3 زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا جہا ں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ایک شخص چل بسا ۔ دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے ابتدائی معلومات کے مطابق ناقص مٹیریل کی وجہ سے عمارت کی پہلی منزل زمین بوس ہوئی تاہم مکمل تحقیقات کے بعد ہی اصل وجوہات کا تعین کیا جاسکےگا۔