نیویارک (نیوزڈیسک) امریکی ریاست میسوری کی ایک عدالت نے فارماسوٹیکل کمپنی جانسن اینڈ جانسن کو ایک امریکی خاتون کو پانچ کروڑ، 50 لاکھ ڈالر ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔واضح رہے کہ 62 سالہ گلوریا نامی خاتون نے جانسن اینڈ جانسن کمپنی پر مقدمہ دائر کرتے ہوئے یہ موقف اختیار کیا تھا کہ مذکورہ کمپنی کا ٹیلکم پاؤڈر استعمال کرنے سے انھیں اووری کا سرطان ہو گیا تھا۔گلوریا کا کہنا ہے کہ وہ جانسن اینڈ جانسن کا ٹیلکم پاؤڈر دہائیوں سے استعمال کر رہی ہیں۔دوسری جانب جانسن اینڈ جانسن کمپنی جسے اس جیسے تقریباً 1200 دعوؤں کا سامنا ہے، کا کہنا ہے کہ اس کی مصنوعات محفوظ ہیں اور وہ اس کے خلاف اپیل کرے گی۔محققین کے مطابق اووری کے سرطان کا تعلق ثابت نہیں ہو سکا واضح رہے کہ جانسن اینڈ جانسن نے فروری میں بھی اسی طرح کے ایک مقدمے میں سات کروڑ، 20 لاکھ ڈالر ہرجانہ ادا کیے تھے۔گلوریا نامی خاتون کو 2011 میں اووری کا سرطان تشخیص کیا گیا تھا اور اس کے بعد ان کے آپریشنز کیے گئے تھے ٗامریکی ریاست مسوری کی عدالت میں تین ہفتے کے مقدمے کی سماعت کے بعد گلوریا کو پانچ کروڑ ڈالر زرِ تلافی اور 50 لاکھ ڈالر بطور ہرجانے کے ادا کیے گئے تھے۔گلوریا کی نمائندگی کرنے والی کمپنی جیری بیسلے کا کہنا ہے کہ ان کی کلائنٹ جیوری کے فیصلے سے بہت خوش ہیں ادھر جانس اینڈ جانسن کا کہنا ہے کہ جیوری کے فیصلے کے خلاف اپیل کرے گی۔