اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اب یہ کوئی راز نہیں کہ زمین کا درجہ حرارت ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتا جا رہا ہے۔ سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ مڈل ایسٹ گرمی سے پگھلنے والا ہے۔ سائپرس انسٹیٹوٹ آف نکوسیا نے خبردار کیا ہے کہ آنے والی کچھ دہائیوں میں مشرق وسطیٰ کا درجہ حرارت اتنا زیادہ بڑھ جائے گا کہ وہاں پر انسانوں کا رہنا مشکل ہی نہیں ناممکن ہو جائے گا۔ ماہرین کے اندازے کے مطابق آنے والی کچھ دہائیوں میں مڈل ایسٹ میں دن کے ٹائم درجہ حرارت 114 ڈگری فارن ہائیٹ سے بھی بڑھ جائے گا اور موجودہ صدی کے خاتمے تک یہ درجہ حرارت 122 ڈگری فارن ہائیٹ تک جا پہنچے گا جبکہ موجودہ گرمی کی لہر کا دورانیہ16 دن ہوتا ہے لیکن آنے والی کچھ دہائیوں میں گرمی کی لہر کا دورانیہ 80 سے 118 دن تک بڑھ جائے گا جس کی وجہ سے مسلسل ریت کے طوفان روزمرہ کا معمول بن جائینگے۔ بڑھتا ہوا درجہ حرارت لمبے دورانیے کی گرمی کی لہر اور مسلسل ریتلے طوفان اس علاقے میں رہنے والوں کی زندگیاں اجیرن کر دیں گے اور لوگوں نقل مکانی پر مجبور ہو جائیں گے۔