لندن (نیوزڈیسک)قدیم انسانی ہڈیوں کے ڈی این اے کے تجزیے سے یورپ میں برفانی دور کے باشندوں کے بارے میں اہم اسرار سے پردہ اٹھ گیا۔سائنس دانوں نے 45 ہزار اور سات ہزار سال قبل کے دور کے 51 افراد کے ڈی این اے کا مطالعہ کیا جس سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کی جلد اور آنکھوں کے رنگ اور جسم کی دوسری خصوصیات کیا تھیں اور مختلف آبادیوں کی آپس میں کیا رشتے داریاں تھیں۔جینز کے تجزئیے سے معلوم ہوا کہ برفانی دور کے یورپی لوگوں کی آنکھیں بھوری اور جلد کی رنگت گہری تھی ٗ14 ہزار سال پہلے کہیں جا کر نیلی آنکھیں نمودار ہوئیں ٗگوری رنگت سات ہزار سال قبل ظاہر ہوئی۔تحقیق سے 40 ہزار سال کے زمانہ قبل تاریخ دور پر روشنی پڑتی ہے اور یہ پتہ چلتا ہے کہ اس قدیم دور میں بھی لوگ حالیہ زمانے کی طرح بڑی باقاعدگی سے ادھر ادھر ہجرت کرتے رہتے تھے۔یہ بھی معلوم ہوا 37 ہزار اور 14 ہزار قبل کے یورپ کی تمام آبادیاں ایک ہی گروہ کی اولاد ہیں ٗتحقیق کے شریک مصنف پروفیسر ڈیوڈ رائک نے بتایا کہ ہم نے آغاز سے لے آج تک کے انسانوں کا مطالعہ کیا جس سے آبادیوں میں وقت کے ساتھ تبدیلی کی تصویر سامنے آتی ہے۔

























