روم (نیوز ڈیسک ) بحیرہ روم میں دو کشتیوں کے سمندر برد ہونے کے نتیجے میں ایک سو مہاجرین لاپتہ ہو گئے ، ان دو حادثات میں ممکنہ طور پر سو مہاجرین ہلاک ہوئے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین نے بتایا کہ لیبیا سے اطالوی جزائر کا رخ کرنے والی ایک کشتی بحیرہء روم کی تند موجوں کی نذر ہو گئی۔ اس کشتی پر قریب 120مہاجرین سوار تھے۔ ادارہ برائے مہاجرین کے ترجمان کارلوٹا سامی نے بتایا کہ پہلی کشتی کے حادثے کے نتیجے میں قریب 15 افراد لاپتہ ہو گئے۔ ان لاپتہ افراد میں نائجیریا، آئیوری کوسٹ، گنی، سوڈان اور مالی کے شہری تھے۔بتایا گیا ہے کہ بچ جانے والے افراد کو اطالوی جزائر پوسالو اور سیسِلی پہنچایا گیا، جن میں سے آٹھ کو حالت تشویش ناک ہونے کی وجہ سے ہسپتالوں میں منتقل کرنا پڑا۔یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے، جب اس سے صرف ایک روز قبل بین الاقوامی تنظیم برائے مہاجرت نے بتایا کہ لیبیا کے پانیوں میں مہاجرین کی ایک کشتی سمندر برد ہو گئی۔ اس واقعے میں کشتی میں سوار 110 افراد میں سے صرف 26 کو ریسکیو کیا جا سکا۔یواین ایچ سی آرکی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ریسکیو کیے گئے افراد میں چار خواتین بھی شامل ہیں۔