لاہور (نیوز ڈیسک)لاہور ہائیکورٹ نے فلم مالک پر پابندی عائد کرنے کے خلاف دائر درخواست پر حکم امتناعی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے جواب طلب کر لیا۔ فلم مالک پر پابندی کے خلاف کیس کی سماعت لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے کی۔ درخواست گزار محبوب عالم نے عدالت کو بتایا کہ پاکستانی فلم مالک کرپشن کے خلاف بنائی گءہے، جس سے عوام کو تفریح کے ساتھ آگاہی بھی حاصل ہوگی، جبکہ فلم نہ تو اسلام اور نہ ہی پاکستان کے مفادات کے خلاف بنائی گی ہے۔ درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ سینسر بورڈ نے فلم کو این او سی جاری کیا، مگر نمائش کے چند روز بعد وفاقی حکومت نے نمائش پر پابندی عائد کرنے کا حکم جاری کردیا، عدالت حکومت کی جانب سے جاری پابندی کے نوٹفکیشن کو کالعدم قرار دے اور کیس کے فیصلے تک حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے نمائش کی اجازت دے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد حکم امتناعی کی استدعا مسترد کرتے ہوئے وفاقی وزارت اطلاعات اور سنسر بورڈ سمیت دیگر فریقین کو سترہ مءکے لیے نوٹس جاری کر دیے۔